Saturday, May 18, 2024

شوپیاں میں بھارتی فوج کا نام نہاد سرچ آپریشن ، بچے سمیت تین کشمیری شہید

شوپیاں میں بھارتی فوج کا نام نہاد سرچ آپریشن ، بچے سمیت تین کشمیری شہید
March 22, 2019

 سرینگر (92 نیوز) قابض فوج نے کشمیریوں کے خلاف نیا محاذ کھول دیا۔ شوپیاں میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران بچے سمیت تین کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

 بھارت کے سفاک فوجی دہشتگردوں کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی کارروائیاں جاری ہیں۔ کشمیریوں پر ان کے اپنے ہی دیس میں زندگی تنگ کر دی۔ بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کے خلاف نیا محاذ کھولتے ہوئے پوری وادی کو ایک بار پھر چھاؤنی میں تبدیل کر دیا۔ ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔

 بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین اور کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، لوٹ مار بھی کی گئی۔ دوسری جانب ضلع بارہمولا اور سوپور میں بھی نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کو دبانے کا سلسلہ جاری رہا۔

 دوسری طرف احتجاج کے خوف سے بھارتی فوج نے حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کردیا۔ بھارتی فوج نے مختلف اضلاع میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز بند کر رکھی ہے۔