Tuesday, May 7, 2024

شوقیہ فنکار عوام کی زندگیوں سے کھیل کر سیاست کا نشہ پورا کرنا چاہتے ہیں، فردوس عاشق

شوقیہ فنکار عوام کی زندگیوں سے کھیل کر سیاست کا نشہ پورا کرنا چاہتے ہیں، فردوس عاشق
December 8, 2020

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں، شوقیہ فنکار عوام کی زندگیوں سے کھیل کر سیاست کا نشہ پورا کرنا چاہتے ہیں۔

پنجاب فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، کورونا وباء کے باوجود پی ڈی ایم ٹولے کا غیر ذمہ دارانہ رویہ شرمناک ہے۔ ان عناصر کا گھٹیا بیانیہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔

معاون خصوصی وزیراعلیٰ کا اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا، کورونا کی دوسری لہر کے دوران اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اپوزیشن کو عوام کی زندگیوں کی رتی بھر بھی پروا نہیں۔ موجودہ صورتحال میں اجتماعات کرنا حماقت اور پاگل پن ہے۔ پی ڈی ایم کا ٹولہ عوام کو اپنی منفی سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتا ہے۔ محب وطن عوام ان مسترد شدہ لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ 13 دسمبر کو ناکامی ان کا پھر مقدر بنے گی۔

انہوں نے کہا، پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران 41 مریض جاں بحق ہوئے اور 429 کنفرم کیسز سامنے آئے۔ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کُل تعداد 1لاکھ 24 ہزار سے زائد ہوچکی جبکہ ایکٹو کیسوں کی تعداد 9363 تک جا پہنچی ہے۔ پنجاب میں اب تک کورونا سے 3218 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

استعفے آئے تو پی ٹی آئی ضمنی انتخابات جیت کر اکثریت حاصل کر لے گی، فیصل جاوید

اِدھر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا اگر استعفے آئے تو پی ٹی آئی ضمنی انتخابات جیت کر اکثریت حاصل کر لے گی۔ اِن کے استعفے نہیں لطیفے ہیں، اپوزیشن کے بیشتر ارکان اسمبلی ان کے ساتھ نہیں ہیں۔

اُن کا کہنا تھا اپوزیشن والے صرف اپنی چوری بچانے کے لئے لوگوں کی زندگیاں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، یہ لوگوں کی زندگیوں اور روزگار پر حملہ آور ہیں۔ معیشت کا پہیہ چلنے پر ان کو تکلیف ہے۔ یہ صرف عمران خان سے ڈیل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کبھی اِن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا، ‏کورونا کیسز اور اموات میں شدت آرہی ہے، دوسری لہر کہیں زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے، ایسے میں اپوزیشن کی حرکات جلتی پر تیل کے مترادف ہیں۔ 24 گھنٹوں میں 89 اموات ہوئی ہیں۔ ایسے میں جلسے کرنا لوگوں کے قتل عام کے مترادف ہے۔ اِنہیں صرف اپنی چوری بچانی ہے چاہے لوگوں کی جانیں چلی جائیں۔