Thursday, March 28, 2024

شوال کا چاند نظر آگیا،کل عید الفطر ہوگی،مفتی منیب الرحمان

شوال کا چاند نظر آگیا،کل عید الفطر ہوگی،مفتی منیب الرحمان
June 4, 2019
کراچی ( 92 نیوز) پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور عید الفطر 5 جون بروز بدھ منانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، کل ملک بھر میں عید الفطر منائی جائے گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو فیصل آباد، کشمور، لاہور، رحیم یار خان، صادق آباد، ٹیکسلا، پسنی خان پور، لورا لائی، ژوب، خان پور، گھوٹکی، کوئٹہ شکارپور، جیکب آباد سے شہادتیں موصول ہوئیں۔ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کی، اجلاس میں پشاور، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، کراچی میں موسم جزوی طور پر ابرآلود ہے، کراچی میں چاند نظر آنے کا امکان معدوم ہے، گوادر، پسنی، جیوانی میں چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔ یاد رہے کہ وزیر اطلاعات خیبرپخختونخوا شوکت یوسفزئی اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے اعلان کے بعد آج خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منائی گئی جبکہ کچھ علاقوں میں کل عید الفطر منائی جائے گی۔ مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کی جانب سے عید کا اعلان کرنا بالکل غلط تھا، خیبرپختونخوا میں 28 روزے رکھے گئے ہیں، 28 روزوں پر عید نہیں ہوتی، اب کے پی والوں کو عید کے بعد ایک روزہ قضا رکھنا ہوگا۔ خیال رہے کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے قمری کیلنڈر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں 29 روزے اور 5 جون بروز بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی۔