Saturday, May 11, 2024

شنگھائی کانفرنس میں عمران ، مودی ملاقات کاامکان

شنگھائی کانفرنس میں عمران ، مودی ملاقات کاامکان
May 27, 2019
نیویارک ( ویب ڈیسک ) بشکیک میں آئندہ ماہ ہونے والی شنگھائی کانفرنس  (ایس سی او )  کے دوران عمران خان اور نریندر مودی کے درمیان ملاقات ہو سکتی ہے ،اس سلسلے میں دونوں ممالک کے سفارتکار ہوم ورک کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں بشکیک میں شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کے درمیان ملاقات میں اس حوالے سے تبادلہ خیال ہوا تھا، دونوں وزراء خارجہ کی اس مختصر ملاقات کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان بریک تھرو ممکن ہے ۔ سب سے بڑا سوال یہ بھی ہے کہ نریندر مودی شنگھائی کانفرنس میں شرکت کرینگے یا نہیں، 2016ء میں اُڑی حملے کے بعد انہوں نے اس کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا تھا ۔ امریکی ماہرین کا خیال ہے کہ مستقبل میں بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری آسکتی ہے ،ولسن سنٹر سے منسلک مائیکل کیوگلمین کے مطابق مودی حکومت بہر حال اس بات کا اشارہ نہیں دینا چاہے گی کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ رشتے استوار کرنے کے لیے بیتاب ہیں لیکن چند ماہ  بعد اگر نئی دہلی خیر سگالی کے جذبے کے تحت اسلام آباد کے ساتھ کچھ اقدامات اٹھائے تو ہمیں اس پر حیرت نہیں ہونی چاہئے ۔ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی میں شعبہ سیاسیات کے پروفیسر ڈاکٹر راج کمار شرما کا کہنا ہے اب پارلیمنٹ میں واضح اکثریت ملنے کے بعد نریندر مودی اس پوزیشن میں ہیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کریں۔