Monday, May 13, 2024

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، پیوٹن اور عمران خان کا کورونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر زور

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، پیوٹن اور عمران خان کا کورونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر زور
November 10, 2020
سینٹ پیٹسبرگ (92 نیوز) روس کی زیرصدارت شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سمیت عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ روسی صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ایس سی او کی افادیت اور کامیابی کیلئے 6 نکاتی پروگرام کی تجاویز پیش کیں۔ روسی صدر پیوٹن نے خطاب کیا کہ کورونا سے نمٹنے اور سرحدوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ چلنا ہوگا، تمام فریقین افغانستان میں قیام امن کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں کورونا سے 5 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں، دنیا کی معیشت بری طرح متاثر اور سست روی کا شکار ہے۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 دہائیوں میں ایس سی او نے کئی کامیابیاں حاصل کیں، پاکستان اور چین کورونا ویکسین کی تیاری کے عمل میں مشترکہ کوششیں کررہے ہیں۔ عالمی برادری کو مشترکہ کوشش سے کورونا کے خاتمے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ وباء کے تدارک کیلئے مالیاتی اداروں، جی 20 ممالک کوترقی پذیر ممالک کی مدد کرنی چاہیے۔ عمران خان بولے کہ اقوام متحدہ کو عالمی حل طلب مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی، خطے میں امن کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے عالمی طاقتوں کو کردارادا کرنا ہوگا۔ افغانستان میں مستقل قیام امن کیلئے تمام فریقین کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس وقت دنیا کو بین المذاہب ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی بھی مذہب کی توہین ناقابل برداشت ہے، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔