Monday, September 16, 2024

دہشت گردوں پر زمین تنگ ہوچکی‘ ہر جگہ پیچھا کرینگے : آرمی چیف

دہشت گردوں پر زمین تنگ ہوچکی‘ ہر جگہ پیچھا کرینگے : آرمی چیف
July 31, 2016
شندور (92نیوز) دنیا کے بلند ترین کھیل کے میدان شندور میں تاریخی میلے کے آخری روز آرمی چیف نے شرکت کی اور گلگت اور چترال کے درمیان پولو کا فائنل میچ دیکھا۔ آرمی چیف نے کہا امن کے لیے پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دیں۔ دہشت گردوں کے لئے زمین تنگ ہو گئی۔ بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے بلند ترین کھیل کے میدان شندور میں روایتی میلے نے سیاحوں کے دل موہ لیے۔ میلے کے آخری روز چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے خصوصی شرکت کی اور گلگت اور چترال کی ٹیموں کے مابین پولو کا فائنل میچ دیکھا۔ میچ کے بعد آرمی چیف کھلاڑیوں سے ملے اور ان کے کھیل کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے اس موقع پر خطاب بھی کیا اور ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے پاک فوج کے جوانوں کے عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا صفایا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے۔ دہشت گرد عناصر کیلئے پیغام ہے کہ ہم بلاخوف و خطر اپنی روایات جاری رکھیں گے۔ وہ دن دور نہیں جب ملک دنیا میں تعلیم و ترقی اور امن و سلامتی کی پہچان بنے گا۔ آپریشن ضرب عضب اسی جذبے اور پختہ یقین کا تسلسل ہے۔ پائیدار امن کی خاطر ہمارا یہ سفر پورے ملک میں بھر پور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔ احساس ہے کہ چترال اور گلگت بلتستان کے لوگ مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ وطن کے دفاع اور عوام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے شندور میلے کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔