Sunday, September 8, 2024

شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق ملکی سلامتی کیلئے اہم ہے: چودھری نثار

شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق ملکی سلامتی کیلئے اہم ہے: چودھری نثار
July 11, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزیرداخلہ چوہدری نثا ر علی خان نے کہا ہے کہ شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق ملکی سلامتی کےلئے انتہائی اہم ہے شہریوں نے جو ردعمل دیا وہ حوصلہ افزاءہے۔ انہوں نے 3سیسنا طیارے وزارت داخلہ کے ایئر ونگ میں شامل کرنیکی بھی منظوری دیدی۔ تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرصدارت شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ چیئرمین نادرا سیکرٹری خارجہ چیئرمین پی ٹی اے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اب تک 4لاکھ شہریوں کے فیملی ٹری کی تصدیق کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ زکی دوبارہ تصدیق قومی سلامتی کےلئے انتہائی اہم ہے۔ دوبارہ تصدیق کے لئے شہریوں کا ردعمل حوصلہ افزا ہے ۔ انہوں نے دوبارہ تصدیق کے عمل میں میڈیا کے کردارکو بھی سراہا۔ وزیرداخلہ نے نادرا کو ہدایت کی کہ غیر ملکیوں کو جاری ہونیوالے شناختی کارڈز کی نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے امریکی تعاون سے ملنے والے 3سیسنا طیارے وزارت داخلہ کے ایئرونگ میں شامل کرنیکی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ طیارے انسداد دہشتگردی اور منشیات کےخلاف آپریشن میں استعمال ہوسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے ایئر ونگ کو مزید مضبوط بنانے کےلئے اقدامات کررہے ہیں۔