Friday, April 26, 2024

شمالی کیرولینا : سیاہ فام کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہرے‘ ایمرجنسی نافذ

شمالی کیرولینا : سیاہ فام کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہرے‘ ایمرجنسی نافذ
September 22, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) شمالی کیرولینا میں سیاہ فام شخص کی ہلاکت کیخلاف ہنگاموں کے بعد ریاستی گورنر نے شارلیٹ شہر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق شارلیٹ میں ایک سیاہ فام کی ہلاکت کے بعداحتجاجی مظاہروں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ کینتھ لامونٹ اسکاٹ نامی شخص کی ہلاکت کے بعدپولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کے دوران زخمی ہونیوالوں کی تعداد چالیس ہو گئی ہے جن میں بیس پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ گزشتہ رات سکیورٹی فورسز نے ایک اور سیاہ فام کو گولی مار دی جس کے بعد حالات مزید کشیدہ ہو گئے۔ سنگین صورتحال کے پیش نظر ریاستی گورنر نے شارلیٹ شہر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی۔ اس کے باوجودشارلیٹ دوسرے روز بھی میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ پولیس نے مظاہرین کیخلاف آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔ مشتعل مظاہرین نے قریبی ہوٹل کے شیشے بھی توڑ دیے جس کے بعد نیشنل گارڈز اور ہائی وے پٹرول کے دستے طلب کر لیے گئے ہیں۔ ریاستی گورنر نے کہا ہے کہ کسی کو شہریوں کے جان و مال اور املاک کو نقصان پہنچانے اور افراتفری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔