Saturday, April 20, 2024

کم جونگ اُن کی صحت بارے متضاد خبریں گردش کرنے لگیں

کم جونگ اُن کی صحت بارے متضاد خبریں گردش کرنے لگیں
April 26, 2020
پیانگ ینگ (92 نیوز) شمالی کوریا کے رہنماء کم جونگ اُن کی صحت کے حوالے سے متضاد خبریں آرہی ہیں، جاپانی میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن دل کے آپریشن کے بعد نیم بے ہوشی کے عالم میں ہیں، چین نے کِم کے علاج کیلئے طبی ماہرین کی ایک ٹیم شمالی کوریا بھیج دی۔ کچھ روز قبل جنوبی کوریا اور امریکی میڈیا میں شمالی کوریا کے سربراہ کی صحت کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ دل کے آپریشن کے بعد سے شدید بیمار ہیں۔ امریکی میڈیا نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ کم جونگ ان بستر مرگ پر ہیں تاہم بعد میں جنوبی کورین حکام نے کہہ دیا تھا کہ کم جونگ ان کی طبیعت کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ جاپانی میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن ایک دور دراز علاقے کے دورے کے دوران بیمار پڑ گئے تھے اور ان کے ڈاکٹرز نے موٹاپے کے باعث آپریشن میں تاخیر کی جس کی وجہ سے وہ اب تک نیم بےہوش ہیں اور ان کا دماغ ابھی تک کام نہیں کر رہا۔ چین نے شمالی کوریا کے رہنما کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی متضاد رپورٹس کے بعد ڈاکٹرز اور حکام پر مشتمل ٹیم بھیج دی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل کم جونگ اُن کے حوالے سے خبروں کو رد کردیا تھا۔ گزشتہ روز کوریا کے حکام کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاعات ہیں کہ کم جونگ اُن زندہ ہیں اور بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔