Friday, April 26, 2024

شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ ناکام ہوگیا: امریکا اور جنوبی کوریا

شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ ناکام ہوگیا: امریکا اور جنوبی کوریا
March 23, 2017
وونسون (92 نیوز) امریکہ اور جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا ہے شمالی کوریا نے ایک اور میزائل تجربہ کیا ہے جو ناکام ہو گیا  اورمیزائل لانچنگ کے کچھ ہی دیر بعد پھٹ گیا۔چین،امریکہ اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے جنوبی کوریا اور امریکہ کے دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کا ایک میزائل تجربہ ناکام ہوگیا ہے۔یہ تجربہ مشرقی ساحلی شہر وونسون میں کیا گیا۔ یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے میزائل فائر کیے گئے یا یہ کس قسم کے میزائل کا تجربہ تھا۔ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ یہ میزائل امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔امریکی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل لانچ کیے جانے کے چند سیکنڈز بعد ہی فضا میں  پھٹ گیا ۔۔امریکہ نے شمالی کوریا کے میزائل تجربات کی کوشش پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اشتعال انگیزی بڑھے گی۔ چین نے بھی میزائل تجربے کی کوشش کے بعد عالمی طاقتوں سے شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے کی تجویز دی ہے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کو روکنا ہو گا۔ رواں ماہ کے آغاز میں بھی شمالی کوریا نے سمندر میں چار میزائل داغے تھے جو 1000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے جاپانی  سمندری حدود میں گرے تھے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کیہ شمالی کوریا کے حالیہ تجربات امریکہ اور جنوبی کوریا کی فوجوں کی سالانہ فوجی مشقوں کا ردعمل ہوسکتے ہیں۔جسے شمالی کوریا اپنے ملک پر حملے کی تیاری کے طور پر دیکھتا ہے۔