Thursday, March 28, 2024

شمالی کوریا نے ملائیشین شہریوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگادی

شمالی کوریا نے ملائیشین شہریوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگادی
March 7, 2017

کوالالمپور (ویب ڈیسک) ملائیشیا اور شمالی کوریا میں کم جانگ نم کے قتل کا تنازع شدت اختیار کرگیا۔ ملائیشیا سے سفیر کی ملک بدری کے بعد شمالی کوریا نے ملائیشین شہریوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگادی ۔ ملائیشین شہریوں کو یرغمال بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس انتہائی اقدام کے جواب میں ملائیشیا نے بھی شمالی کورین سفارت خانے کے عملے کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگا دی ہے۔ دونوں ممالک کے مابین حالات اس وقت کشیدہ ہوئے جب گزشتہ ماہ شمالی کورین رہنما کم جانگ ان کے سوتیلے بھائی کم جانگ نم کو ملائیشین ایئرپورٹ پر قتل کر دیا گیا۔

ملائیشیا نے قتل میں ملوث تمام مبینہ ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کر رکھا ہے۔ اگرچہ ملائیشیا نے اس قتل کا الزام براہ راست شمالی کوریا پر نہیں لگایا تاہم قتل کی تحقیقات میں اس بات کا شبہ ظاہر کیا گیا کہ پیانگ یانگ اس واردات میں ملوث ہے۔

دوسری جانب شمالی کوریا کم جانگ نم کے قتل میں ملوث ہونے کا سختی سے انکار کرتا آ رہا ہے۔ پیانگ یانگ نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ کوالالمپور قتل کی تحقیقات ٹھیک طریقے سے نہیں کر رہا اور یہ سب اس کے دشمنوں کی ملی بھگت سے کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ شمالی کوریا اور ملائیشیا میں چالیس سال سے زائد عرصہ سے سفارتی تعلقات قائم ہیں۔