Tuesday, April 16, 2024

شمالی کوریا نے مزید دو میزائل تجربات کر ڈالے

شمالی کوریا نے مزید دو میزائل تجربات کر ڈالے
July 31, 2019
پیانگ یانگ ( 92 نیوز) عالمی دباؤ نظرانداز کرتے ہوئے ، شمالی کوریا نے میزائل آزمانے کا سلسلہ بند نہ کیا  اور مزید دو تجربات کرڈالے۔ جاپانی وزیراعظم نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نئے تجربات سے ان کے ملک کو کوئی خطرہ نہیں، امریکی وزیرخارجہ نے پیانگ یانگ کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کی امید ظاہر کی ہے۔ عالمی دباؤ کام آیا نہ پابندیوں نے کوئی رنگ دکھایا، شمالی کوریا اسلحے کی دوڑ جاری رکھے ہوئے ہے، ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں مزید دو میزائلوں کے تجربے کرڈالے۔ شمالی کوریا نے نئے تجربات ساحلی شہر وونسان میں کیے ہیں، کم فاصلے تک مار کرنے والے ان میزائلوں کی صلاحیت دو سو پچاس کلومیٹر   ہے۔ جنوبی کوریا نے نئے تجربوں کی تصدیق کی ہے ، وزیر دفاع جیونگ کیونگ ڈو کے مطابق یہ میزائل گذشتہ ہفتے داغے گئے ماڈلز سے مختلف نوعیت کے تھے۔ جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے نے کہا کہ شمالی کوریا کے تجربات کا جاپان کی قومی سلامتی پر کوئی اثر نہیں پڑا، وہ امریکا اور دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے نئے تجربات کے باوجود شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنے کی امید ظاہر کی ہے۔ شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے بھی اسی ساحل سے میزائلوں کا تجربہ کیا تھا،، جس کا مقصد امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والی فوجی مشقوں کو روکنا تھا۔