Friday, April 26, 2024

شمالی کوریا نے اپنے قیام کی 68 ویں سالگرہ کے موقع پر کامیاب ایٹمی تجربہ کر لیا

شمالی کوریا نے اپنے قیام کی 68 ویں سالگرہ کے موقع پر کامیاب ایٹمی تجربہ کر لیا
September 9, 2016
پیانگ یانگ(ویب ڈیسک)شمالی کوریا نے اپنے قیام کی 68ویں سالگرہ کے موقع پر کامیاب  ایٹمی تجربہ کرلیا، جو اپنی شدت کے لحاظ سے سب سے بڑا تھا،ایٹمی دھماکے سے خطے میں  زلزلہ آگیاجس کی شدت پانچ اعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی  امریکا ،  جنوبی کوریا  اور جاپان نے ایٹمی تجربے کی مذمت کی ہے۔ تفصیلات کےمطابق شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی تجربہ ایسے وقت کیا گیا  جب پڑوسی ملک لاؤس میں آسیان ممالک کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ شمالی کوریا نے کامیاب  ایٹمی تجربے کی تصدیق کر دی ہے  شمالی کوریا کا موجودہ ایٹمی دھماکا سب سے بڑا تھا۔ ایٹمی تجربے سے خطے میں شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر پانچ اعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی۔ ابتدا میں ماہرین نے شبہ طاہر کیا تھا کہ یہ زلزلہ نہیں بلکہ ایٹمی دھماکے سے زمین میں ارتعاش پیدا ہوا تھا ، لیکن شمالی کوریا نے ایٹمی تجربے کا اعلان کر دیا جس سے دنیا کی شمالی کوریا کے حوالے سے تشویش مزید بڑھ گئی ہے  امریکا، جنوبی کوریا اورجاپان  نے ایٹمی تجربے کی مذمت کی ہے۔ جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے نے   شمالی کوریا کیخلاف سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے  جبکہ جنوبی کورین صدر نے دھماکے کو جنونی اقدام سے تعبیرکرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا تباہی کے راستے پر گامزن ہے۔ شمالی کوریا پر دوہزار چھے سے عالمی پابندیاں عائد ہیں لیکن وہ عالمی دباؤ اور پابندیوں کو کبھی بھی خاطر میں نہیں لایا۔امریکا نے دو دن پہلے ہی چین سے کہا تھا کہ وہ شمالی کوریاکو ایٹمی سرگرمیوں سے باز رکھنے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔