Friday, April 19, 2024

شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
September 23, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز) شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے کیپٹن جنید سمیت 7 جوانوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سمیت اعلیٰ فوجی وسول حکام نے نمازہ جنازہ میں شرکت کی، شہدا  کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنےوالے کیپٹن جنید اورچھ جوانوں کی نمازجنازہ راولپنڈی گیریژن میں ادا کی گئی   جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،اعلی فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن جنید شہید کومری جبکہ چھ جوانوں کو آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ کیپٹن جنید شہید غیرشادی شدہ تھے۔ استور سے تعلق رکھنے والے حوالدار عبدالرزاق شہید کے پسماندگان میں بیوی اور6 بچے شامل ہیں، گلگت کے حوالدار امیر شہید کے پسماندگان میں بیوی، 2 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔ چلاس ضلع دیا مر کے حوالدار نصیر شہید کے پسماندگان میں بیوی اور والدہ جبکہ خانیوال سے تعلق رکھنے والے حوالدار آصف شہید کے پسماندگان میں بیوی، والدین اور 8 بہن بھائی شامل ہیں ۔ ضلع ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سپاہی سمیع اللہ شہید اور ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے سپاہی انورجان شہید غیر شادی شدہ تھے۔