Tuesday, April 16, 2024

شمالی وزیرستان میں دھماکا، 3 افسروں سمیت 4 فوجی شہید

شمالی وزیرستان میں دھماکا، 3 افسروں سمیت 4 فوجی شہید
June 8, 2019

 پشاور (92 نیوز) شمالی وزیرستان میں دھماکے کے نتیجہ میں تین افسروں سمیت چار فوجی شہید ہو گئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے خر قمر میں گشت پر مامور گاڑی کو سڑک پر نصب دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چار جوان زخمی بھی ہوئے۔

 شہدا میں کریم آباد ہنزہ کے لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ، کراچی کے میجر معیز مقصود، شامل ہیں، شہید کیپٹن عارف اللہ کا تعلق لکی مروت سے جبکہ لانس نائک حوالدار ظہیر کا تعلق چکوال سے ہے۔ دھماکے میں چار جوان زخمی بھی ہوئے ہیں۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق چند روز قبل اس علاقے میں ایک آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا جبکہ گزشتہ ایک ماہ میں اس علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار شہید، 35 زخمی ہو چکے ہیں۔

 صدر اور وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کی۔ عمران خان نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔ وزیراعظم نے پاک فوج کی قربانیوں اور بہادری پر بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ریاست دشمن عناصر کو امن میں خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔ پوری قوم بہادر فوجیوں کے پیچھے کھڑی ہے۔

 دوسری طرف نون لیگ کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کی مذمت کی اور فوجیوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ سابق صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہےسیاسی رہنماؤں کو سوچنا ہو گا کہ محسن داوڑیاعلی وزیر کے ساتھ کھڑے ہونا ہے یا قوم کے ساتھ۔