Saturday, April 20, 2024

شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید پاک فوج کے تین افسران سپرد خاک

شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید پاک فوج کے تین افسران سپرد خاک
June 8, 2019
 ميرامشا (92 نیوز) شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید پاک فوج کے تین افسران آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیئے گئے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے  خڑکمر میں شہید ہونے والے میجر معیز مقصود کی نماز جنازہ نارتھ ناظم آباد میں ادا کی گئی جس میں پاک فوج کے افسران، مقامی سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فوج کے دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی دی۔ شہید لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کی نماز جنازہ آرمی ہیلی پیڈ گلگت میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں فوجی افسران اور جوانوں سمیت متعدد افراد شریک ہوئے۔ شہید کو آبائی علاقے کریم آباد ہنزہ میں سپرد خاک کیا گیا۔ بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے  کیپٹن عارف اللہ کی نماز جنازہ لکی مروت میں ادا  کی گئی جس میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ انہیں پوری فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان لانس حوالدار ظہیر کا تعلق چکوال سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خڑ کمر کے علاقے میں دھماکا خیز مواد سڑک پر نصب تھا۔ دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حملے میں پاک فوج کے تین افسران اور ایک جوان شہید جبکہ چار فوجی زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چند روز قبل اسی علاقے سے ایک آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران خڑ کمر میں سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار شہید اور 35 زخمی ہو چکے ہیں۔ دھرتی ماں کے چار بہادر سپوت وطن پر قربان ہو گئے۔ ملک دشمنوں کی ناپاک چال کا نشانہ بننے والے پاک فوج کے جوانوں کو قوم کا سلام