Saturday, April 27, 2024

شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکہ، کیپٹن سمیت پاک فوج کے 6 جوان شہید

شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکہ، کیپٹن سمیت پاک فوج کے 6 جوان شہید
October 15, 2020

راولپنڈی (92 نیوز) وطن کے چھ عظیم بیٹے پاک دھرتی پر قربان ہوگئے، شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکے میں کیپٹن سمیت پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے، امن دشمنوں نے رزمک کےقریب فورسز کےقافلے کوسڑک کنارے نصب بم سےنشانہ بنایا۔

دھرتی ماں کے چھ بیٹے وطن کی آن پر قربان، ارض پاک کے محافظوں نے وطن کی حفاظت کیلئے اپنا لہو نچھاور کردیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کو آئی ای ڈی حملے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، حملے میں پاک فوج کے ایک افسر اور پانچ جوان شہید ہوگئے۔

سڑک کنارے بم حملے میں شہید ہونے والوں میں 24 سالہ کیپٹن عمر فاروق، 37 سالہ نائب صوبیدار ریاض احمد، 44 سالہ نائب صوبیدار شکیل آزاد، 36 سالہ حوالدار یونس، 37 سالہ نائیک محمد ندیم اور 30 سالہ نائیک عصمت اللہ شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اوڑمارہ کے قریب کوسٹل ہائی وے پر سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین جھڑپ ہوئی۔ جھڑپ اس وقت ہوئی جب او جی ڈی سی ایل کے قافلے کو حفاظتی حصار میں گوادر سے کراچی لے جا رہا تھا۔

ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، سکیورٹی فورسز نے او جی ڈی سی ایل اہلکاروں کو علاقے سے محفوظ راستہ فراہم کیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائی سے بلوچستان میں امن، استحکام، ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔ بلوچستان کو آگے بڑھنے سے روکنے میں ایسے عناصر کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔ ایسے بزدلانہ حملوں سے ہماری فورسز کے عزم میں ذرہ برابر کمی نہیں آئے گی، ہم اپنی جان پر کھیل کر بھی مادر وطن کے تحفظ کا فریضہ نبھاتے رہیں گے۔