Tuesday, April 16, 2024

شمالی وزیر ستان: دہشتگردوں کی فائرنگ، سیکنڈ لیفٹیننٹ اور سپاہی شہید

شمالی وزیر ستان: دہشتگردوں کی فائرنگ، سیکنڈ لیفٹیننٹ اور سپاہی شہید
December 12, 2017

راولپنڈی (92 نیوز) وطن کے مزید دو سپوتوں نے وفا کا حق ادا کر دیا۔
شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے سیکنڈ لیفٹیننٹ عبد المعید اور سپاہی بشارت جام شہادت نوش کر گئے۔
چھپ کر وار کرنے والے شکست خوردہ دہشتگردوں کا ایک اور بزدلانہ حملہ سامنے آیا۔ اِس بار نشانہ گشت پر مامور فوجی گاڑی تھی جہاں پاک فوج کے جوان خدمات کی انجام دہی کے دوران دھرتی ماں پر قربان ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیر ستان ایجنسی میں فوجی گاڑی پر قریبی پہاڑوں سے دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبد المعید اورسپاہی بشارت جام شہادت نوش کر گئے۔ دونوں کی عمر 21 سال تھی۔
پاک فوج کے مطابق بورے والا، وہاڑی سے تعلق رکھنے والے شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدلمعید حال ہی میں پی ایم اے کاکول سے پاس آوٹ ہوئے تھے جبکہ تین سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کرنے والے شہید سپاہی بشارت کا تعلق گلگت کے گاوں دنیور سے تھا۔
اس حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مفت میں نہیں ملتی، قیمت چکانا پڑتی ہے۔ وطن کیلئے لخت جگر قربان کرنے پڑتے ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت کی عظیم قربانی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج ہماری آزادی ہمارے جری جوانوں کی مرہون منت ہے۔