Tuesday, April 23, 2024

شمالی و بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سےجاری

شمالی و بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا سلسلہ  وقفے وقفے سےجاری
November 1, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے شمالی و بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،دیر بالا میں موسلا دھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ مظفرآباد، وادی نیلم،وادی لیپہ، ہٹیاں بالا، باغ، پیر چناسی، اور مکڑا پہاڑ سمیت  آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ دیر بالا اور گردونواح میں صبح سے گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ بھی تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی،کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی ۔ دیر بالا کے قریب دریائے پنجگورہ میں طغیانی، جبکہ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دیر چترال شاہراہ بندہو گئی،جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں،ڈوگ درہ میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے3 افراد زخمی ہوگئے۔ سوات  میں  آسمان سے گرتی  چاندی نے سماں باندھ دیا  ، کالام اور مہوڈنڈ میں برفباری  کا سلسلہ جاری،سردی میں شدت کا اضافہ جبکہ سیاحوں کی بڑی تعداد نے کالام کی جانب رخ کر لیا۔ ادھرگلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی آسمان سے سفید گالوں کی برسات شروع ہوگئی،مانسہرہ اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔