Wednesday, April 24, 2024

شمالی علاقے ٹھٹھر گئے، نظاروں نے برف کی چادر اوڑھ لی

شمالی علاقے ٹھٹھر گئے، نظاروں نے برف کی چادر اوڑھ لی
November 22, 2019
مانسہرہ (92 نیوز) ملک کے شمالی علاقے ٹھٹھر گئے،، نظاروں نے برف کی چادر اوڑھ لی، درخت سڑکیں اور مکان سبھی سفیدی میں کھو گئے۔ آسمان سے گرتے گالوں  نے نظاروں کو رنگین بنا دیا۔ شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر کے اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مانسہرہ اور گردونواح میں ہونے والی بارش سے موسم شدید سرد ہو گیا، شوگران اور ناران میں برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، راستے بند ہونے سے سیاحوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، دھند اور کالے بادلوں نے ملکہ کوہسار کے حسن کو چار چاند لگا رکھے ہیں، قدرتی مناظر الگ ہی ماحول پیش کر رہے ہیں،،، خیبرپختونخوا میں پشاور، سوات اور مینگورہ میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، کالام، مالم جبہ اور اتروڑ سمیت دیگر علاقوں میں برفباری نے معمولات زندگی منجمد کر دئیے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جیکب آباد میں بارش کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا، شمالى بلوچستان، خیبرپختونخوا، بالائى پنجاب گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہيں کہيں آندھى کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔