Thursday, April 18, 2024

شمالی علاقہ جات کی فضائی حدود میں ہر قسم کا فلائٹ آپریشن معطل

شمالی علاقہ جات کی فضائی حدود میں ہر قسم کا فلائٹ آپریشن معطل
September 21, 2016
اسلام آباد (92نیوز) شمالی علاقہ جات کی فضائی حدود آج تمام پروازوں کیلئے بند رہے گی۔ سکردو‘ چترال اور گلگت جانےوالی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے پروازیں سول ایوی ایشن کی جانب سے شمالی علاقہ جات کی فضائی حدود بند کرنے کے باعث منسوخ کی گئی ہیں۔ قومی ایئر لائن کی جانب سے مسافروں سے معذرت بھی کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے سکردو جانےوالی پرواز پی کے فور فائیو ون منسوخ کردی گئی جبکہ سکردو سے اسلام آباد کیلئے پرواز پی کے فور فائیو ٹو بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد سے گلگت کیلئے پی کے سکس زیرو فائیو جبکہ گلگت سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے سکس زیرو سکس بھی منسوخ کی گئی ہے۔ اسی طرح اسلام آباد اور گلگت کے درمیان آنے جانے والی باقی پروازیں پی کے سکس زیرو سیون‘ سکس زیرو ایٹ‘ سکس زیرو نائن اور سکس زیرو ٹین بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد‘ چترال، پشاور پرواز پی کے سکس سکس زیرو اور پشاور، چترال‘ اسلام آباد پرواز پی کے سکس سکس ون بھی منسوخ کی گئی ہیں۔ ترجمان سول ایوی ایشن کی جانب سے شمالی علاقوں کی فضائی حدود بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔