Wednesday, May 1, 2024

شمالی علاقہ جات میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری

شمالی علاقہ جات میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری
October 16, 2018
مری (92 نیوز) شمالی علاقہ جات میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ملکہ کوہسارمری ، ایبٹ آباد اور گلیات میں بارش کےساتھ شدید ژالہ باری ہوئی  اور ژالہ باری سے موسم سرد ہو گیا۔ وادی کاغان، ناران، شوگران، بٹہ کنڈی اور دیگر علاقوں میں گزشتہ رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ سوات اور صوابی کے میدانی علاقوں سمیت مظفر آباد، وادی نیلم اور وادی لیپہ میں  برفباری سے کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے جلکھڈ اور بڑاوئی کے درمیان پچاس کے قریب افراد پھنس کر رہ گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ نیلم آزاد کشمیر میں برفباری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ قبل ازوقت برفباری سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔ مردان میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش نے موسم تبدیل کردیا۔ اچانک سردی بڑھنے سے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔