Tuesday, May 21, 2024

شمالی علاقوں میں برفباری، ملک میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی

شمالی علاقوں میں برفباری، ملک میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی
January 4, 2020
لاہور (92 نیوز) ملک میں سردی کی لہربرقرار ہے، شمالی علاقوں میں برفباری نے سردی کی شدت مزید بڑھا دی، خیبرپختونخوا بلوچستان اور سندھ میں بھی سردی نے معمولات زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔ شمالی علاقہ جات میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، استور میں درجہ حرارت منفی 22 ڈگری تک گر گیا، شاہراہیں، گھر پہاڑ سب چاندی میں کھو گئے۔ مری ملکہ کوہسار مری میں ہلکی برفباری کے بعد سیاحوں کا رش بڑھ گیا، آسمان سے گرتی برف کی روئی نے ملکہ کوہسار کا حسن مزید بڑھا دیا، برفباری کے منتظرسیاح خوشی سے جھوم اٹھے۔ کوئٹہ میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، وادی زیارت میں پارہ منفی دو ڈگری ریکارڈ کیا گیا، لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں اور لکڑیوں کا استعمال کر رہے ہیں، قلات، ژوب، خضدار، دالبندین، نوکنڈی اور پنجگور میں شدید سردی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ادھر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے میدانی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، پہاڑوں پر ہونے  والی برفباری نے سردی مزید بڑھا دی ہے۔۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں سورج تو نکل آیا لیکن سردی کی شدت برقرار ہے، لاہور سمیت متعدد علاقوں میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں سردی کی شدت میں کمی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقے،شمال مغربی بلوچستان ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔