Saturday, May 18, 2024

شمالی عراق میں کشتی ڈوبنے سے جاں بحق افراد کی تعداد سو ہو گئی

شمالی عراق میں کشتی ڈوبنے سے جاں بحق افراد کی تعداد سو ہو گئی
March 22, 2019

 موصل (92 نیوز) شمالی عراق میں کشتی ڈوبنے سے جاں بحق افراد کی تعداد سو ہوگئی۔ ڈوبنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

 عراق میں کشتی ڈوبنے کے افسوس ناک حادثے نے کئی افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کر دئیے۔ عراقی وزارت داخلہ کےمطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کشتی میں سوار افراد نو روز کا جشن منانے کیلئے ام ال ربعین نامی جزیرے کی جانب جا رہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد مرد و خواتین کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق 50 افراد کی گنجائش والی اس کشتی پر دو سو افراد سوار تھے اور حادثہ گنجائش سے زیادہ افراد کی موجودگی اور پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث پیش آیا۔ ریسکیو  اہلکاروں نے درجنوں افراد کو بچا لیا ہے جبکہ کچھ افراد لاپتہ بھی ہوئے۔

 دوسری جانب عراق وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے حادثےکی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی۔ عراق میں امریکی سفارتخانےکی جانب سے بھی حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔