Sunday, May 12, 2024

شفقت محمود چودھری برادران کو نئی کمیٹی سے مذاکرات پر قائل نہ کر سکے ، ذرائع

شفقت محمود چودھری برادران کو نئی کمیٹی سے مذاکرات پر قائل نہ کر سکے ، ذرائع
February 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر شفقت محمود کی چودھری پرویزالہٰی سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ شفقت محمود ق لیگ کی قیادت کو نئی کمیٹی سے مذاکرات کیلئے قائل نہ کر سکے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شفقت محمود اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کے درمیان ملاقات میں برف پگھل نہ سکی ۔ شفقت محمود چودھری برادران کو  نئی کمیٹی سے مذاکرات کے لئے قائل نہ کرسکے ۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ مسلم لیگ ق کی قیادت  نے  نئی حکومتی کمیٹی کے رکن شفقت محمود سے اتحاد کے معاملات پر گفتگو سے گریز کیا۔ صحافیوں نے جب شفقت محمود سے سوال  اٹھایا کہ آپ کے ساتھ چودھری برادران یا ان کا نمائندہ گفتگو کرنے کیوں نہیں آیا تو اس پر شفقت محمود بات کو اِدھر اُدھر گھماتے رہے؟ شفقت محمود نے دعویٰ کیا کہ ملاقات خوشگوار رہی، تحفظات دور کیے جائیں گے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ق اپنے مطالبے پر ڈٹ گئی  ہے ۔ شفقت محمود پر واضح کردیا گیا کہ پہلے جہانگیر ترین اور پرویز خٹک کی کمیٹی میں طے شدہ معاملات پر عملدرآمد ،پھر نئی کمیٹی سے بات ہو گی ۔ نئے سرے سے  دوبارہ اتحاد کے معاملات پر بات نہیں  ہو گی ۔ ق لیگ کی قیادت نے کہا جہانگیر ترین کی کمیٹی میں جو معاملات طے ہوئے پہلے اس پر عمل کیا جائے ۔