Friday, May 3, 2024

شعیب ملک کو سنچری بنانے پر شریک حیات کی طرف سے ٹویٹر پر مبارکباد

شعیب ملک کو سنچری بنانے پر شریک حیات کی طرف سے ٹویٹر پر مبارکباد
May 27, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)شعیب ملک کی شادی کے بعد پہلی سنچری پر شریک حیات ثانیہ مرزا نے ٹویٹر کے ذریعے مبارکباد پیش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی شعیب ملک کو راس آ گئی،چھے سال سے رکا ہوا سنچریوں کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا۔ شعیب ملک نے آخری بار سنچری دو ہزار نو میں بنائی تھی جبکہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے ان کی شادی اپریل دو ہزار دس میں ہوئی۔ اس طرح زمبابوے کے خلاف شعیب ملک کی سنچری، شادی کے بعد  ان کی پہلی سنچری ہے۔ اس کامیابی پر جہاں شعیب ملک کے ساتھ پوری پاکستانی قوم بہت خوش ہے، وہاں ان کی اہلیہ نے بھی ٹویٹر پر بھر پور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے آپ کی کامیابی پر بہت خوشی ہے جو خود پر یقین کی بدولت ممکن ہوئی۔ واضح رہے کہ ایک ماہ قبل جب ثانیہ نے ٹینس کی ڈبلز رینکنگ میں عالمی نمبر ون پوزیشن حاصل کی تو شعیب ملک کی طرف سے بھی ایسا ہی ٹویٹ کیا گیا تھا۔ شعیب نے لکھا تھا عالمی نمبر ایک بننے پر آپ کو پاکستانیوں کی طرف سے بہت بہت مبارکباد  میں آپ کا نمبر ون پرستار ہوں۔ اسے کہتے ہیں دل کو دل سے راہ ہوتی ہے۔