Sunday, May 12, 2024

شعیب اختر سے نعمان نیاز کے رویہ پر وزیراعظم برہم، ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

شعیب اختر سے نعمان نیاز کے رویہ پر وزیراعظم برہم، ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت
October 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سرکاری ٹی وی پر شعیب اختر سے بدتمیزی کی گونج وزیراعظم ہا ؤس پہنچ گئی۔ قومی ہیرو شعیب اختر سے نعمان نیاز کے رویہ پر وزیراعظم عمران خان برہم ہوگئے۔ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔ وزرات اطلاعات سے معاملے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

سرکاری ٹی وی کی انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے واقعے کی انکوائری جاری ہے، انکوائری مکمل ہونے تک سابق کرکٹر شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف ائیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جب تک انکوائری مکمل نہیں ہوجاتی اور حقائق واضح نہیں ہوجاتے تب تک دونوں افراد کسی بھی پروگرام کا حصہ نہیں ہونگے۔

اس سے قبل سرکاری ٹی وی پر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے مابین تلخی کے معاملہ پر ایم ڈی پی ٹی وی کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا۔ سرکاری ٹی وی کی انتظامیہ نعمان نیاز کے رویے پر سخت نالاں ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں ڈاکٹر نعمان نیاز قصور وار ثابت ہوئے۔

انتظامیہ کے مطابق نعمان نیاز کے رویے کی وجہ سے سرکاری ٹی وی کا وقار مجروح ہوا، اجلاس میں آن ایئر اور آف ایئر فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد سرکاری ٹی وی کے سپورٹس پروگرام کے دوران میزبان نعمان نیاز نے قومی ہیرو شعیب اختر کی جانب سے حارث رؤف سے متعلق ان کی معلومات درست کرنے کی کوشش کی تو میزبان نے اس بات کا بُرا مناتے ہوئے شعیب اختر کو پروگرام چھوڑ کر جانے کو کہا اور فوری طور پر پروگرام کو روکتے ہوئے بریک لی۔

جب پروگرام دوبارہ شروع ہوا تو نعمان نیاز نے شعیب اختر کو دوبارہ مخاطب کیا اور سوال کیا جس پر شعیب اختر نے دوبارہ جس بات پر تکرار ہوئی اسے آن ائیر کلئیر کیا اور نعمان نیاز نے ان کی بات پر اکتفا کیا، تاہم قومی ہیرو سے معذرت سے انکار کیا جس پر شعیب اختر نے پروگرام میں مزید نہ بیٹھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آن ائیر سرکاری ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

شعیب اختر کی جانب سے ان کے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں اس حوالے سے تفصیلات شیئر کی گئیں جس کے مطابق پروگرام میں بریک کے دوران اُن کے نعمان نیاز کے ساتھ معاملات طے پائے،  شعیب اختر نے دوران بریک نعمان نیاز کو کہا کہ پروگرام میں جو ہوا اس کو مذاق کہہ کر اچھے انداز میں ختم کردیتے ہیں وگرنہ میڈیا اور پروگرام میں بیٹھے غیرملکی مہمانوں پر بُرا تاثر جائے گا اور پروگرام دوبارہ آن ائیر ہونے پر آپ مجھ سے معذرت کریں۔ پروگرام دوبارہ شروع ہونے پر میزبان نے معذرت سے انکار کیا تو شعیب اختر نے پروگرام میں مزید بیٹھنے سے معذرت کرتے ہوئے سرکاری ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے چلے گئے۔

واضح رہے کہ میزبان نعمان نیاز نے شعیب اختر کے جانے پر پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے دوسری مہمان ثناء میر سے سوال کیا۔

سرکاری ٹی وی کے اس پروگرام میں مہمان کی حیثیت سے عاقب جاوید، راشد لطیف، اظہر محمود اور 2 غیرملکی مہمان شریک تھے۔