Sunday, September 8, 2024

شریف فیملی کی نیب میں عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری ہوسکتے ہیں  

شریف فیملی کی نیب میں عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری ہوسکتے ہیں  
August 18, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) نوازشریف اور صاحبزادوں کی پیشی سے متعلق نیب حکام نے کہا ہے کہ طلبی کیلئے جاتی عمرہ بھجوایا گیا نوٹس باقاعدہ وصول کیا گیا دستخط بھی موجود ہیں۔ راولپنڈی سے ٹیم بھی لاہور پہنچ گئی۔ نوازشریف نہ آئے تو تین نوٹسز کے بعد وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوسکتے ہیں۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو نیب نے اپنے لاہور آفس میں آج طلب کررکھا رہے۔ نیب کے مطابق سابق نوازشریف کو طلبی کا نوٹس جاتی عمرہ کے پتے پر بھجوایاگیا۔ نوٹس پر وصولی کے دستخط بھی ہیں جس کے بعد ہی نیب راولپنڈی کی ٹیم لاہور پہنچی ہے۔

نوازشریف سے عزیزیہ سٹیل ملز کیس سے متعلق تحقیقات کی جانی ہیں۔ نیب نے سابق وزیراعظم کے ساتھ ساتھ ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو بھی طلب کررکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب میں عدم حاضری کی صورت میں نواز شریف اور دیگر فریقین کو غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔ کریمنل انکوائری میں فریقین کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے اصولاً پیش ہونا ضروری ہے۔ تحقیقات کا سامنا نا کرنے کی صورت میں تین نوٹسز کے بعد وارنٹ گرفتاری جاری ہوسکتے ہیں۔

نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت کو ملزم کی ضمانت کا بھی اختیار نہیں ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ فوجداری مقدمے کی تحقیقات کے دوران فریقین کو وکیل ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔۔