Sunday, May 19, 2024

شریف فیملی کی لاکھوں ڈالر کی عمارتیں لندن میں ہیں، فواد چودھری

شریف فیملی کی لاکھوں ڈالر کی عمارتیں لندن میں ہیں، فواد چودھری
January 3, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا ہے شریف فیملی کی لاکھوں ڈالر کی عمارتیں لندن میں ہیں۔

سوموار کو میڈیا سے گفتگو میں اُنہوں نے کہا اگر شریف فیملی کے پاس حساب نہیں تو پھر جیل جائینگے، یہ واپس آئیں اور پیسے واپس کریں۔ غریب آدمی ضمانتی ہو تو اسکے پورے خاندان کو اٹھا لیا جاتا ہے۔

فواد چودھری نے کہا پاکستان میں بد قسمتی سے فرقہ واریت والی جماعتیں سامنے ہیں۔ کسی بھی ملک کے لیے فرقہ واریت کی سیاست بڑی خطرناک ہے، کسی سے بلیک میل نہیں ہونگے، ہم احتساب کے ایجنڈے پر الیکشن جیتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن مارچ کے لئے آئیں گے ہی نہیں، جے یو آئی کا بلدیاتی الیکشن جیتنا بدقسمتی ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اپنے رویے پر نظرثانی کرے۔ چئیرمین نیب کی تعیناتی، انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے آپکی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔ ہم نے کے پی کے میں صاف اور شفاف الیکشن کروائے۔

وفاقی وزیر نے کہا پارلیمنٹ لڑائی سے سیاستدانوں کا احترام عام آدمی کی نظر میں نیچے جاتا ہے، ہمیں طوفان بدتمیزی سے پارلیمنٹ کو اکھاڑا نہیں بنانا چاہئے۔

اُنہوں نے کہا پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کی، ن لیگ علاقہ کی سیاسی جماعت ہے، سندھ حکومت نے سندھ کے عوام کو صحت کارڈ سے محروم کر دیا۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا ملک میں اشیا کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ جلد مضبوط ہوگا، تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے ساتھ کم یا زیادہ ہوتی ہیں۔