Wednesday, April 24, 2024

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی
November 22, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) شریف خاندان کے خلاف آج نیب ریفرنسز کی سماعت ہو گی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 27 نومبر تک حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاہم نواز شریف استثنی کے باوجود آج احتساب عدالت میں پیش ہونگے۔
نیب ریفرنسز میں شریف خاندان کے با ضابطہ ٹرائل کا آغاز 15 نومبر سے شروع ہوا۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی چھٹی پیشی پر استغاثہ کے دو گواہان کے بیانات قلمبند کر کے مزید چار گواہان کو طلب کر رکھا ہے۔
احتساب عدالت نے نواز شریف کو 27 نومبر تک جبکہ مریم نواز کو ایک ماہ کے لئے حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔ نواز شریف کے بیٹوں کی جائیداد اور اثاثوں کی قرقی اور ان کی گرفتاری کے دائمی وارنٹ جاری کرنے کا معاملہ بھی آج سماعت میں دیکھا جائے گا۔
اس حوالے سے مسلم لیگ نون کے صدر میاں محمد نواز شریف اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کو سخت سکیورٹی میں جاتی عمرہ رائیونڈ سے اولڈ ایئرپورٹ لایا گیا۔ نواز شریف کا قافلہ صبح سوا چھ بجے جاتی عمرہ سے روانہ ہوا۔ نواز شریف نجی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے۔