Thursday, April 25, 2024

شریف خاندان کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں شریف گروپ کا سی ایف او محمد عثمان گرفتار

شریف خاندان کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں شریف گروپ کا سی ایف او محمد عثمان گرفتار
August 2, 2020
 لاہور (92 نیوز) شریف خاندان کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں شریف گروپ کا سی ایف او محمد عثمان گرفتار ہو گیا۔ محمد عثمان نوٹس کے باوجود نیب تحقیقات میں شامل نہ ہوا۔ شریف خاندان کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں بڑی پیش رفت ہو گئی۔ نیب نے شریف گروپ کے سی ایف او عثمان کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق محمد عثمان شریف خاندان مبینہ منی لانڈرنگ کیس کا اہم ملزم ہے۔ ذرائع نے بتایا محمد عثمان کے خلاف نیب کے پاس اہم ثبوت ہیں، وہ شریف خاندان کے اکاؤنٹس مینج کرتا تھا اور اس پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ محمد عثمان نے شریف گروپ کو بطور سی ایف او 2005 میں جوائن کیا۔ ذرائع  کے مطابق  وہ شریف خاندان کا قابل اعتماد شخص تھا۔ محمد عثمان کو نوٹس بھی بھیجا گیا مگر وہ نیب میں پیش نہیں ہوا۔ تحقیقات کے دوران نیب کو اہم شواہد ملے۔ ذرائع کے مطابق محمد عثمان شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے لیے مختلف منی چینجر کا رابطہ کار تھا اور منی لانڈرنگ کا اہتمام کرتا تھا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ کوئی ادارہ عثمان کی گرفتاری کی ذمہ داری نہیں لے رہا۔ پیر تک صورتحال واضح نہ کی گئی تو نیب لاہور کے سامنے پریس کانفرنس کروں گا۔