Tuesday, April 16, 2024

شریف خاندان کیخلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل دو بجے تک ملتوی

شریف خاندان کیخلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل دو بجے تک ملتوی
April 24, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت  کے دوران  ایون فیلڈ ریفرنس میں گواہ ظاہر شاہ پر امجد پرویز کی جرح مکمل کر لی گئی ، تاہم  فلیگ شپ ریفرنس میں گواہ ظاہرشاہ پر خواجہ حارث کی جرح جاری ہے ۔  فلیگ شپ سے متعلق کمپنی ہاؤس ریکارڈ کی تصدیق شدہ کاپیاں بھی عدالت میں پیش کر دیں گئیں۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی جرح پر گواہ ظاہر شاہ نے عدالت کو بتایا والیم ٹین کی کاپی رجسٹرار سپریم کورٹ کے خط کے ذریعے حاصل کی ۔ والیم دس کا متعلقہ حصہ تفتیشی افسر کے علاوہ کسی کے ساتھ شئیر نہیں کیا۔امجد پرویز نے گواہ سے پوچھاکیا آپ کے علم میں ہے والیم دس کی کچھ دستاویزات میڈیا پر چلتی رہیں جس پر گواہ ظاہر شاہ کا کہناتھا کہ وہ میڈیا بہت کم دیکھتے ہیں انھیں اس کا علم میں نہیں ۔دوران سماعت  نیب پراسیکیوٹر اور امجد پرویز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ فلیگ شپ ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ ظاہر شاہ نے بیان ریکارڈ کرادیا اور ریفرنس سے متعلق کمپنی ہاؤس ریکارڈ کی تصدیق شدہ کاپیاں اور سالانہ آمدن کا ریکارڈ بھی عدالت میں جمع کرایاْ کوئنٹ سیلون لمیٹیڈ کے میمورنڈم اور سالانہ آمدن کی تفصیلات، سیلون کے سابق اور موجودہ شئیر ہولڈرز کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ فلیگ شپ ریفرنس میں خواجہ حارث  نے جرح کرتے ہوئے پوچھا کہ والیم ٹین کے مخصوص پورشن آپ کو کس فارم میں ملا؟ ،جس پر گواہ نے بتایا کہ والیم ٹین باؤنڈ فارم میں موصول ہوئے تھے۔ جرح ابھی جاری تھی کہ سماعت کل دو بجے تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے گواہ ظاہر شاہ کو دستاویزات حاصل کرنے کے لیے لکھی گئی ایم ایل اے کی اصل کاپیاں بھی پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ خواجہ حارث کل بھی گواہ ظاہر شاہ پر جرح جاری رکھیں گے۔