Wednesday, May 1, 2024

شریف خاندان نے کسانوں کے 1 ارب 17 کروڑ روپے دبا لئے

شریف خاندان نے کسانوں کے 1 ارب 17 کروڑ روپے دبا لئے
July 25, 2019
لاہور(روزنامہ 92 نیوز) زراعت دوستی کے دعویدار شریف خاندان نے کسانوں کے 1 ارب 17 کروڑ دبالئے ،حکومت پنجاب نے ادائیگی کیلئے 30جولائی کی ڈیڈ لائن دیدی ۔ کرشنگ سیزن ختم ہونے کے باوجودشریف برادران کی شوگر ملز نے کسانوں کو ادائیگیاں نہ کیں۔حکومت پنجاب نے کسانوں کو ادائیگی کے لئے شریف برادران کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کر دئیے ۔ شریف خاندان کی حکومت تو چلی گئی ہے کسان دشمن پالیساں جاری ہیں ،  ان کی ملکیتی تین شوگر ملز ایک ارب17کروڑ50لاکھ روپے کی کسانوں کی نادہندہ ہیں جن میں سے شہباز شریف کی ملکیتی دو شوگر ملز ،رمضان شوگر ملز کے ذمہ 58کروڑ روپے ،العریبیہ شوگر ملز کے ذمہ 39کروڑ50لاکھ روپے اورمیاں نواز شریف اور شہباز شریف کے کزن میاں عباس معراج کی ملکیتی شوگر ملز عبداﷲ (ون)کے ذمہ 20کروڑ روپے سے زائد رقم واجب الادا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کی 44 شوگر ملز نے گزشتہ کرشنگ سیزن میں 138ارب روپے کا کسانوں سے گناخریدا ہے جس میں سے 136ارب روپے سے زائد ادا کر دئیے گئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے متعدد بار نوٹسز کے باوجود مجموعی طور پر دس شوگر ملز نے کاشتکاروں کو ایک ارب 52کروڑ روپے ادا نہیں کئے جس کے لئے ان کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ کین کمشنر پنجاب واجد علی شاہ نے روز نامہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نادہندہ شوگر ملز کو 30جولائی کی ڈیڈ لائن دی ہے ۔اگر اس کے بعد بھی ادائیگی نہ کی گئی تو نادہندہ شوگر ملز کا سٹاک سیل کر کے ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ میں اس حوالے سے کیس زیر سماعت ہے اور عدالت نے شوگر ملز کا سٹاک سیل کرنے یا دیگر کارروائیوں سے روکا ہوا ہے جس کی جلد سماعت کے لئے ایک دو روز میں عدالت سے رجوع کریں گے ۔