Sunday, September 8, 2024

شریعت پر یقین رکھنے والے مسلمانوں کو امریکا سے نکال دیا جائے : سابق امریکی سپیکر

شریعت پر یقین رکھنے والے مسلمانوں کو امریکا سے نکال دیا جائے : سابق امریکی سپیکر
July 17, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا کے متوقع صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد امریکی ایوان نمائندگان کے سابق اسپیکر نیوٹ گنگرچ نے بھی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان داغ دیا اور کہا جو مسلمان شریعت پر یقین رکھتے ہیں انہیں امریکا سے نکال دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر نیوٹ گنگرچ کا کہنا ہے کہ تمام امریکی مسلمانوں سے پوچھا جائے کہ وہ شریعت پر یقین رکھتے ہیں یا نہیں اور جو یقین رکھتے ہیں انہیں ملک بدر کر دیا جائے۔ امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب حالت جنگ میں ہے اور اسلامی شریعت اس تہذیب سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ایسے روشن خیال مسلمان جو شریعت کے قوانین پر یقین نہیں رکھتے ان کو خوشی کے ساتھ قبول کریں گے۔ نیوٹ گنگرچ نے مساجد کی نگرانی کرنے اور شدت پسند تنظیموں کی ویب سائٹس دیکھنے والے افراد کو جیل بھیجنے کی بھی تجویز دی ہے۔ نیوٹ گنگرچ کا یہ بیان فرانس کے شہر نیس میں ہونے والے حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکا کی مسلم تنظیموں نے نیوٹ گنگرچ کے بیان کی سخت مذمت کی ہے۔