Friday, March 29, 2024

شرجیل وزارت سے فارغ!!! انسداد دہشت گردی کی 30 عدالتیں بنیں گی: مشیر اطلاعات

شرجیل وزارت سے فارغ!!! انسداد دہشت گردی کی 30 عدالتیں بنیں گی: مشیر اطلاعات
December 2, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بڑے فیصلے ہو گئے۔ سندھ کے بااثر وزیر شرجیل انعام میمن کو وزارت ورکس اینڈسروسز سے فارغ کردیا گیا۔ سندھ میں انسداد دہشت گردی کی مزیدتیس عدالتیں بنیں گی۔ دوسوسے زائد تفتیشی افسر تعینات ہوں گے۔ پنجاب اوربلوچستان سے جڑی سرحدوں کی بھی کڑی نگرانی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سابق مشیر اطلاعات اور موجودہ ورکس اینڈ سروسز کی وزارت پر براجمان جو کبھی وزیراعلیٰ ہاوس کے صوفے پر بیٹھ کر بڑے طمطراق سے تقریریں کرتے تھے اب اپنی وزارت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سندھ حکومت کے لاڈلے وزیر شرجیل میمن کرپشن کے الزامات کے بعد گرفتاری کے خوف سے بیرون ملک مفرور ہیں اور ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں ارکان کے شدید تحفظات کے بعد ان کو وزارت سے فارغ کیاگیا۔ مولا بخش چانڈیو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کراچی آپریشن کے بعد دہشت گرد اندرون سندھ بھاگ رہے ہیں مگر انہیں وہاں بھی نہیں چھوڑیں گے۔ دریں اثنا سندھ کے مشیر اطلاعات کے مطابق سندھ میں انسداد دہشت گردی عدالتوں کی تعداد بڑھا کر تیس کی جارہی ہے۔ دو سو نئے پراسیکیوٹر اور آٹھ ہزار پولیس اہلکار بھرتی کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا دہشت گردی کے خلاف تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔