Thursday, April 18, 2024

شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہونے پر چیف جسٹس برہم

شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہونے پر چیف جسٹس برہم
September 1, 2018
کراچی (92 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان آج کراچی رجسٹری میں سماعت سے پہلے اچانک اسپتالوں کے دورے پر نکل گئے ۔ ضیاء الدین اسپتال پہنچے تو شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی تین بوتلیں برآمد ہوئی جس پر چیف جسٹس برہم ہو گئے۔   منٹ صرف سات  بڑی کہانی سامنے آ گئی  ، شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہونے کی خبر آئی اور جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ معاملہ یوں ہے کہ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کو آئی جی جیل خانہ جات نے اسپتالوں میں داخل وی آئی پی قیدیوں کے بارے میں بریفنگ دی  تو شرجیل میمن  ،انور مجید اور عبدالغنی مجید کا تذکرہ ہوا  تو چیف جسٹس نے اسپتالوں کا دورہ کرنے کی ٹھان لی ۔ اس کے بعد چیف جسٹس ضیا الدین اسپتال پہنچے تو شرجیل میمن   کو لگژری کمرے میں سوتا پایا ، چیف جسٹس نے کہا  لائٹس آن کرو شرجیل میمن کو اٹھاؤ۔ شرجیل میمن بغیر لاٹھی کے سہارے کالے رنگ کی ٹی شرٹ اور ٹراؤزر میں باہر آ گئے  جس پر  چیف جسٹس نے کہا میں ہوں چیف جسٹس آف پاکستان آپ کی خیریت جاننے کے لئے آیا ہوں ، کیا یہ ہے آپ  کی سب جیل، سب جیل اسے کہتے ہیں،آپ تو مکمل صحت مند لگ رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے  حکم دیا کہ اسے یہاں سے  فوری  جیل منتقل کریں ، اس کے بعد شراب کی بوتلوں پر نظر پڑنے پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ  یہ کیا ہے جس پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یہ میر ی نہیں ۔ سپریم کورٹ کے عملے نے ایک بوتل سونگھ کر چیک کی تو اس میں سے شراب کی بو آ رہی تھی۔ ۔چیف جسٹس نے کہا کہ چیف سیکرٹری کو بلائیں دیکھیں یہاں کیا ہو رہا ہے ، کہانی میں پھر موڑ آیا جب چیف جسٹس نے مزید تحقیقات کے لئے عدالتی عملے کو دوبارہ اسپتال بھیجا ۔ عملے نے رپورٹ دی سر پہلے تو شرجیل میمن کے کمرے تک جانے کے لئے مزاحمت کا سامنا کرنا پرا  ،جب پہنچے تو شرجیل میمن تولیے میں لپٹے کمرے سے باہر نکل رہے تھے  اور عملے سے کہا کہ میں نے شراب نہیں پی میڈیکل کروا لیں ۔ ذرائع کے مطابق عدالتی عملے کے آنے سے پہلے کمرے سے بوتلیں اور دیگر اشیا غائب کر دی گئی  ،عملے نے کمرے کی ویڈیو بنائی ۔ بعد میں چیف جسٹس نے یہ جاننے کے لئے کہ شرجیل میمن سے کون ملا کون آیا اور کون گیا  ، شرجیل میمن کے ملاقاتیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا جبکہ   ضیا الدین اسپتال کی ایک ماہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج  کو بھی اس تحقیقات کا حصہ بنانے اور  اسپتال کے متعلقہ ریکارڈ کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ۔ شرجیل میمن تو بضد ہیں کہ بوتل میں شہد اور زیتوں کا تیل تھا تاہم رپورٹ آتے ہی حقیقت بھی سامنے آ جائے گی مگر یہ ساتھ منٹ کی گفتگو شرجیل میمن کو شائد پوری زندگی یاد رہے گی۔