Wednesday, May 8, 2024

شرجیل میمن کی درخواست ضمانت پر وفاق کو نوٹس جاری

شرجیل میمن کی درخواست ضمانت پر وفاق کو نوٹس جاری
December 15, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) شرجیل میمن کی درخواست ضمانت پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔ 
سندھ کے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیا وجہ ہے کہ نیب کے ہاتھوں گرفتار ہوتے ہی لوگ بیمار ہو جاتے ہیں۔ نیب کو چاہیے کہ وہ ایسے لوگوں کے علاج کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنائے۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ میڈیا رپورٹس ہیں کہ شرجیل میمن کو ہسپتال کا پورا فلور دیا گیا۔ قانون بیمار لوگوں کو ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دیتا ہے لیکن لوگ اس کا غلط استعمال کرتے ہیں۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مزید کہا کہ میڈیکل بورڈ کی جانب سے ملزمان کی طرف داری روایت بن گئی۔ اسی لئے عدالتیں محتاط ہو گئی ہیں۔
دوسری طرف جسٹس دوست محمد نے کہا کہ صوفی محمد کے لئے بھی ایک پورا وارڈ مختص کیا گیا تھا۔
ادھر شرجیل میمن کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ جیل انتظامیہ نے سندھ حکومت کو شرجیل میمن کی بیماری کا جیل میں علاج نہ ہونے سے متعلق لکھا۔ اس کے بعد شرجیل میمن کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جنوری کے پہلے ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔