Thursday, March 28, 2024

شرجیل میمن کرپشن کیس: شریک ملزموں کی غیر حاضری پر عدالت کا اظہار برہمی

شرجیل میمن کرپشن کیس: شریک ملزموں کی غیر حاضری پر عدالت کا اظہار برہمی
December 14, 2017

کراچی (92 نیوز) اربوں کی کرپشن کے الزام میں گرفتار سندھ کے سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن اور شریک ملزموں پر احتساب عدالت میں آج بھی فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی۔
پانچ ارب ستترکروڑ روپے کرپشن کے الزام میں گرفتارشرجیل میمن اور شریک ملزموں کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے کہا کہ کچھ لوگ اسپتال میں داخل ہونا چاہتے ہیں لیکن ہر ملزم کواسپتال نہیں بھیجا جا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ سفارش لگوا کر اپنا پیسہ اور وقت ضائع نہ کریں۔ اس عدالت میں سفارش نہیں چلے گی۔ یہاں ایک قانون غریب کا ہے ایک امیر کا ہے۔ عدالت میں شفاف ٹرائل ہو گا۔
عدالت نے مزید کہا کہ کسی ملزم کو اعتماد نہیں تو دوسری عدالت میں درخواست دائر کریں۔ کئی ملزموں کے وکلا کی عدم حاضری کی وجہ سے فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی جس کے بعد کیس کی سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت کے بعد شرجیل میمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا دہرا قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ان کے اہلخانہ اور اسحاق ڈار لندن میں مزے کر رہے ہیں لیکن ان کے لئے صرف جیلیں ہیں۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ عمران خان سندھ میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں جو ان کا حق ہے۔