Wednesday, April 24, 2024

شرجیل میمن طبی معائنے کی آڑ میں جیل سے جناح اسپتال منتقل

شرجیل میمن طبی معائنے کی آڑ میں جیل سے جناح اسپتال منتقل
November 18, 2017

کراچی ( 92 نیوز ) میگا کرپشن میں گرفتار سابق وزیر شرجیل میمن کو بلاآخر طبی معائنے کی آڑ میں جیل سے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ پیپلز پارٹی کے عہدیدار ڈاکٹر عاصم کی طرح ان کا بھی طبی معائنہ کیا جائے گا۔ عاصم حسین کے زیر استعمال فائیو اسٹار کمرہ بھی فراہم کردیا گیا۔ سب جیل قرار دیا گیا جناح اسپتال کا وی وی پی آئی وارڈ بااثر قیدیوں کے علاج کیلئے مختص ہے۔
شرجیل میمن نے عدالت میں علاج کیلئے فائیو اسٹار اسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی تاہم احتساب عدالت نے انکار کردیا ۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ شرجیل میمن کو ایسا مرض لاحق نہیں جس کا علاج جیل میں ممکن نہ ہو ۔ ٹیسٹ میں بڑی بیماری کی تشخیص کی صورت جناح اسپتال لے جایا جائے ۔ یوں اس سیاسی مریض کو میڈیکل چیک اپ کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق شرجیل میمن کی ای سی جی، گھٹنے اور جوڑوں کے ایکسرے، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کیا جائے گا ۔ خون اور پیشاب بھی ٹیسٹ ہوں گے ۔ ڈاکٹرز 8 مختلف چیک اپس کے دوران اس سیاسی قیدی میں مرض نکالنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور پھر ماضی کے سیاسی قیدیوں کی طرح ان کی باقی قید بھی سیاسی ہی رہے گی ۔

دوسری جانب شرجیلی میمن جناح اسپتال پہنچے ہی چاق و چوبند ہو گئے ۔ جیل وارڈمیں جشن کا سماں تھا ۔ ہسپتال کی غیرمعمولی تزئین و آرائش بھی کی گئی ۔
صوبائی وزرا اور دوست بھی ہسپتال آئے جس پر شرجیل میمن نے باہر آکر مہمانوں کا استقبال کیا۔