Friday, April 26, 2024

شرجیل میمن اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار، دوگھنٹوں بعد رہائی کا پروانہ مل گیا  

شرجیل میمن اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار، دوگھنٹوں بعد رہائی کا پروانہ مل گیا  
March 19, 2017
اسلام آباد(92نیوز)پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے سابق وزیرشرجیل میمن کو دبئی سے وطن واپس پہنچنے پر اسلام آباد ایئر پورٹ پر  حراست میں لے لیا گیا۔ شرجیل میمن پر اربوں روپے کی بدعنوانی کے الزامات ہیں ۔انہیں  اسلام آباد ہائیکورٹ سےعبوری ضمانت کرانے  کی وجہ سے دو گھنٹے بعد رہا کردیا گیا۔ تفصیلات کےمطابق  پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن تقریباً پونے دوسال سے بیرون ملک تھے وہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی  رات دوبجے کے قریب  دبئی سے وطن واپس پہنچے جہاں انہیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شرجیل میمن کو نیب حکام نے حراست میں لیا انہیں راولپنڈی میں نیب کے تفتیشی مرکزمنتقل کردیا گیا۔ شرجیل میمن کے ہمراہ سندھ حکومت کے تین وزرا اور ایک معاون خصوصی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے جن میں امداد پتافی،مکیش چاؤلہ، فیض بٹ اور تیمور تالپور شامل ہیں۔شرجیل میمن سندھ میں وزیربلدیات  اور وزیر اطلاعات رہے ہیں ان پر اربوں روپے کی بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے ، پیپلزپارٹی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شرجیل انعام میمن نے اسلام آبادہائی کورٹ سے بیس مارچ تک  عبوری ضمانت کرارکھی تھی ۔نیب حکام کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ تاہم نیب حکام نے ان سے پوچھ گچھ جاری رکھی اور تقریبا دو گھنٹے بعد انہیں ضمانت نامے کی بنا پر رہا کردیا گیا۔