Friday, May 3, 2024

شرجیل خان پی سی بی میں ٹربیونل کے سامنے پیش

شرجیل خان پی سی بی میں ٹربیونل کے سامنے پیش
March 24, 2017
لاہور (92 نیوز) سپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان پی سی بی ٹربیونل کے سامنے پیش ہو گئے۔ خالد لطیف بیماری کے باعث پیش نہیں ہوئے انہیں 31 مارچ کو بلالیا گیا۔ ٹربیونل نے  دونوں پارٹیوں کی مشاورت سے سماعت کے لئے طریقہ کار اور ٹائم لائن وضع کر لی۔ پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں چارج شدہ کھلاڑیوں کے لئے بنائے گئے 3 رکنی ٹریبونل میں پہلے روز کی سماعت مکمل ہو گئی۔ سماعت میں شرجیل خان اپنے 3 رکنی وکلا پینل کے ساتھ پیش ہوئے جبکہ پی سی بی ویجیلنس اینڈ سیکورٹی کے جنرل مینجر کرنل اعظم اور بورڈ کے جنرل مینجر لیگل سلمان نصیر نے نمائندگی کی۔ ان کے وکلا تفضل حسین رضوی اور حیدر علی خان ایڈووکیٹ نے ٹربیونل کے سامنے شرجیل خان پر اینٹی کرپشن کوڈ کی تعزیرات پڑھ کر سنائیں۔ ٹربیونل نے دونوں پارٹیوں کی مشاورت سے شرجیل کی اپیل کی سماعت کے لئے طریقہ کار اور ٹائم لائن وضع کی جس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ 14 اپریل تک شرجیل خان کے خلاف ثبوتوں سمیت الزامات کی ابتدائی رپورٹ جمع کرائے گا۔ شرجیل خان کو اس کا جواب جمع کرانے کے لئے 5 مئی تک کی مہلت دی گئی ہے۔ ٹائم لائن کے مطابق پی سی بی کی صوابدید ہو گی کہ وہ 10 مئی تک جواب الجواب جمع کرا سکے۔ جس کے بعد 3 رکنی ٹربیونل 15 مئی سے شرجیل خان کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے گا۔ دوسری جانب چارج شدہ دوسرے کھلاڑی خالد لطیف نے طبیعت کی خرابی کی وجہ سے پیش ہونے سے معذرت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ ٹربیونل نےانہیں آخری موقع دیتے ہوئے31 مارچ کو صبح ساڑھے گیارہ بجے طلب کر لیا۔ پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث دو کھلاڑیوں محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کی جانب سے چارج شیٹ کے جواب کی روشنی مین انکے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔