Friday, April 26, 2024

شدید گرمی کی لہر جاری‘ محکمہ موسمیات کی دو ماہ تک بارش نہ ہونے کی پیشگوئی

شدید گرمی کی لہر جاری‘ محکمہ موسمیات کی دو ماہ تک بارش نہ ہونے کی پیشگوئی
May 18, 2016

لاہور (92نیوز) ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ کئی روز تک بارش نہ ہونے کی پیشگوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آج سال کا گرم ترین دن گزرا۔ لاڑکانہ میں درجہ حرارت 52ڈگری، لاہور میں 46تک پہنچ گیا۔ سکھر میں 50، حیدر آباد میں 49ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لوڈشیڈنگ اور گرمی سے متاثرہ متعدد شہری ہسپتال جا پہنچے۔

شدید گرمی تو اس سال اپریل سے ہی شروع ہوگئی تھی مگر مئی کے مہینے میں تو سورج کا پارہ ایسا چڑھا ہے کہ نیچے آنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ چرند پرند سب ہی بے حال ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابھی تو گرمی شروع ہوئی ہے۔ اگلے دومہینے تک کوئی بڑا سسٹم میدانی علاقوں کا رخ نہیں کررہا لہٰذا بارش کا امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب ہر کوئی گرمی سے بچاو کے ٹوٹکے کر رہا ہے۔ کسی کے سر پر کپڑا نظر آتا ہے تو کسی کے ہاتھ میں چھتری۔ کالجز اور یونیورسٹی کی لڑکیاں سن بلاک چشمے‘ کیپ پہنے دکھائی دیتی ہیں کہ تیز دھوپ کہیں انکی نرم اور نازک جلد نہ جھلسا دے۔ محکمہ موسمیات نے اس بار سخت گرمی کی خبر تو سنا دی ہے مگر لاہوریے دعا گو ہیں کہ ابر کرم شاید برس ہی جائے اور گرمی کازور ٹوٹے۔