Sunday, May 12, 2024

شدید سردی سے شمالی علاقہ جات میں بہتے دریا،ندی نالوں کا پانی منجمد

شدید سردی سے شمالی علاقہ جات میں بہتے دریا،ندی نالوں کا پانی منجمد
December 28, 2019
اسلام آباد(92 نیوز) شمالی علاقہ جات میں شدید سردی کی  لہر جاری ہے جس کے باعث بہتے دریا  ، ندی نالے اور چشموں کا پانی بھی منجمد ہوگیا۔ کشمیر اور دیگر شمالی علاقہ جات میں  کئی روز تک جاری رہنے والی شدید سردی  اور برفباری نے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرا دیا ہے ، خصوصا بلتستان ڈویژن ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ خون جما دینے والی سردی نے لوگ گھروں میں محصورکر دیا ، کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہو کر رہ گئیں۔۔درجہ حرارت نقطہ انجاد سے نیچے گرنے سے گھروں کے پائپ لائن کا پانی جم گیا۔ جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق، اسکردو منفی 18، استور ،گوپس منفی 12، بگروٹ منفی 11، گلگت منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد سمیت پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقے جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع شدیددھند کی لپیٹ میں رہے۔ برف باری کے باعث کئی بالائی علاقوں کا شہروں سے  زمینی رابطہ منقطع ہونے سے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سخت سردی کے موسم میں لکڑی، گیس سلینڈرز اور مٹی کے تیل کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔