Monday, September 16, 2024

بھارت اور افغانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے‘ پاکستان میں تین جاں بحق

بھارت اور افغانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے‘ پاکستان میں تین جاں بحق
April 10, 2016
لاہور (92نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت سات اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ چھ اعشاریہ چھ شدت کا تھا۔ پاکستان کے علاوہ بھارت اور افغانستان بھی زلزلے سے لرز اٹھے۔ نئی دلی میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد میٹرو ٹرین کو روک دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق زمین ایک بار پھر کانپ اٹھی۔ پنجاب سے خیبرپختونخوا تک لوگوں کے دل دہل گئے۔ زلزلے کے جھٹکے دوپہر تین بجے کے بعد پنجاب، خیبرپختونخوا، آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف کی لہر پھیل گئی۔ زلزلے کے جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ لوگ کلمہ طیبہ کا وردکرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے۔ پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گجرات، منڈی بہاو¿الدین، سرگودھا، جہلم اور ڈیرہ غازی خان سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ خیبر پختونخوا میں پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، چترال، قبائلی علاقوں میں باجوڑ ایجنسی، خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی جبکہ آزاد کشمیر میں مظفرآباد اور بھمبر زلزلے کے خوف سے لرز اٹھے۔ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی کورٹ فورٹ منرو کے مقام پر زلزلے کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے بلوچستان اور پنجاب کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت سات اعشاریہ ایک ریکارڈکی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھاجس کی گہرائی 236 کلومیٹر زیرزمین تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.6 ریکارڈ کی۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے سات سے اوپر زلزلے شدید شمارکئے جاتے ہیں جس کے بعد آفٹرشاکس کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔ پاکستان کے علاوہ بھارت اور افغانستان بھی زلزلے سے لرز اٹھے۔ نئی دلی میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد میٹرو ٹرین کو روک دیا گیا۔