Thursday, March 28, 2024

شدید دھند !!! فلائٹ آپریشن معطل، شہبازشریف لاہور نہ اتر سکے

شدید دھند !!! فلائٹ آپریشن معطل، شہبازشریف لاہور نہ اتر سکے
December 8, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور اور اس کے گردو نواح میں دھند نے ڈیرے جمائے رکھے ہیں۔ موٹر وے کو تو بند کرنا پڑا ساتھ ہی ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا طیارہ بھی لینڈ نہ کر سکا۔ ایک گھنٹہ تک لاہور کی فضاوں میں چکر کاٹنے والے طیارے کو کراچی ائیر پورٹ پر اتارنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق دو روز سے شدید دھند کا جو سلسلہ چلا وہ آج بھی برقراررہا اورشہر بھر دھند کی شدید لپیٹ میں رہا۔ سڑکوں پر ٹریفک انتہائی سست رہی جس کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں جانے والے طلبہ اور دفاتر کیلئے روانہ ہونیوالے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب موٹر وے پرحد نگاہ صفر ہونے کے باعث اسے لاہور سمیت کئی مقامات پر بند کرنا پڑا۔ ادھر دھند نے لاہور ائیر پورٹ پر ایسا قبضہ جمایا کہ بیس سے زائد پروازیں لینڈ کر سکیں اور نہ ہی ٹیک آف۔ یہی نہیں ترکی سے آنیوالا ترکش ائیر لائن کا طیارہ بوئنگ 714 جس میں وزیر اعلی پنجاب سوار تھے بھی نہ اتارا جا سکا حالانکہ خادم اعلیٰ نے دھند سے بچانے والے جدید انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم کیٹ تھری بی کا افتتاح چند روز پہلے خود اپنے ہاتھوں سے کیا تھا لیکن بے سود۔ شہباز شریف کا طیارہ ایک گھنٹہ تک لاہور ائیر پورٹ کی فضاوں میں چکر کاٹتا رہا جس کے بعداس کو کراچی اتارنا پڑا۔