Wednesday, April 24, 2024

شجاعت حسین کا حکومت کو غربت دور کرنے کیلئے شارٹ ٹرم منصوبے بنانیکا مشورہ

شجاعت حسین کا حکومت کو غربت دور کرنے کیلئے شارٹ ٹرم منصوبے بنانیکا مشورہ
January 8, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ق کے صدرچودھری شجاعت حسین نے غربت دور کرنے کیلئے شارٹ ٹرم منصوبے بنانے کا مشورہ دے دیا۔ بولے اگر حکومت اصل ڈگر سے ہٹ کر گورکھ دھندے میں پڑ گئی تو اگلے الیکشن میں سخت مزاحمت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اہم اتحادی نے حکومت کو تمام منصوبے ملتوی کرکے اورغربت دور کرنے کیلئے شارٹ ٹرم منصوبے بنانے کا مشورہ دیدیا!

مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کہتے ہیں حکومت اگلے ڈھائی سال عوام کی مشکلات ختم کرنے کو ایک چیلنج کے طور پر لے، عام آدمی اور تنخواہ داروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ شخصیات کی کرپشن پر تو سب دھیان دیتے ہیں لیکن ٹیکنیکل طریقے سے کرپشن کرنے والے کو کوئی نہیں پوچھتا۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام کا خیال رکھنے والی حکومتیں ہی دلوں میں بستی ہیں،غربت کالاوا پھٹ پڑاتو حکمران اورسیاستدان زد میں آئیں گے، اقدامات نہ کئے توسیاستدانوں کو اگلے الیکشن میں سخت مزاحمت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ملک آفت میں پھنس جائے گا۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ حکومت تمام سیاسی و ذاتی مصلحتیں بھلا کر صرف اور صرف عوام کے اصل مسائل کو دور کرنے کی طرف توجہ دے۔