Friday, September 20, 2024

شجاع آباد : چالیس ہزار آبادی کا واحد بنیادی مرکز صحت ایمرجنسی کی سہولت سے محروم

شجاع آباد : چالیس ہزار آبادی کا واحد بنیادی مرکز صحت ایمرجنسی کی سہولت سے محروم
March 4, 2016
شجاع آباد (92نیوز)شجاع آباد کے قصبے خان پور قاضی کی آبادی چالیس ہزار لیکن طبی سہولتوں کے لیے صرف ایک بنیادی مرکز صحت  وہ بھی بجلی ، پانی ، چار دیواری اور ایمرجنسی کی سہولت سے محروم ہے ۔ تفصیلات کےمطابق خان پور قاضی کا اکلوتا سرکاری اسپتال جس میں بنیادی سہولتوں ہی موجود نہیں اسپتال کی عمارت تو کھڑی ہے لیکن کمروں کی چھتیں غائب ہیں بارش کی صورت میں کمرے تالاب کا منظر پیش کرنے لگتے ہیں  سرکاری اسپتال میں وینٹی لیٹرکی کوئی سہولت موجود نہیں ایمرجنسی کی صورت میں مریض کو شجاع آباد اسپتال لے جانا پڑتا ہے جو خان پور قاضی سے بیس کلومیٹر دوری پر واقع ہے  شجاع آباد اسپتال میں منتقلی کے دوران ایک ماہ میں دو خواتین زندگی کی بازی ہار چکی ہیں جس پر مقامی افراد نے احتجاج بھی کیا لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی۔ خان پور قاضی کے مکینوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ علاقے میں ایک اسپتال تو تعمیر کیا جائے جس میں ایمبولینس سے لے کر تمام سہولتیں میسر ہوں تاکہ مزید مریضوں کو مرنے سے بچایا جا سکے ۔