Monday, May 6, 2024

شجاع آباد : ملتان کور کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ

شجاع آباد : ملتان کور کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ
June 11, 2015
شجاع آباد(92نیوز)ملتان کور کی طرف سے تحصیل شجاع آباد کے نزدیک بستی کھوکھراں والا میں فری آرمی میڈیکل کیمپ کا انعقادکیاگیا جس میں1500مریضوں کا چیک اپ کیاگیا۔ قائم مقام گیریژن کمانڈر بریگیڈیئر محمد حامد رضا نے کیمپ کا دورہ بھی کیااورمریضوں کو پہنچائی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔ تفصیلات  کے مطابق ملتان کور کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ میں آرمی کے 17ماہر ڈاکٹرز، آرمی لیڈی ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد دن رات علاقہ مکینوں کا چیک اپ اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں رہی ۔ جلدی امراض کا چیک اپ ، چائلڈ اسپیشلسٹ ، گائنی، ای سی جی کی سہولیات پاک آرمی کے ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی فراہم کی گئیں۔ علاوہ ازیں کیمپ کے دوران مائنر آپریشنز بھی کیے گئے اس دوران 650مریضوں کومفت لیبارٹری ٹیسٹ اورالٹرا ساؤنڈ کی سہولیات بھی مہیا کی گئیں جب کہ 15لاکھ مالیت کی ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں ۔ علاقہ مکینوں نے آرمی کی طرف سے لگائے گئے تین روزہ فری آرمی میڈیکل کیمپ پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاک فوج کی طرف سے ایسے اقدامات کئے جاتے رہیں گے۔