Saturday, April 27, 2024

شب معراج نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سےمنائی گئی

شب معراج نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سےمنائی گئی
April 14, 2018
لاہور (92 نیوز) پورے عالم اسلام میں شب معراج مصطفیٰ ﷺ نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی ۔ لوگ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو کر قرب خدا حاصل کرنے میں مگن رہے ۔ نبوت کے بارھویں سال سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کو معراج شریف کی سعادت حاصل ہوئی تب سے لیکر اب تک فرزندان اسلام اس شب کو مساجد میں خشوع و خضوع کے ساتھ بارگاہ الہیٰ میں سجدہ ریز ہوتے ہیں ، نوافل ادا کیے جاتے ہیں ، قرآن خوانی کی جاتی ہے اور ذکر اذکار کی محافل سجائی جاتی ہیں ۔ بابرکت رات میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مسلمانوں کی جانب سے دعائیں کی گئیں اور اپنے گناہوں سے توبہ کرتے رہے کیونکہ اسی رات اللہ تعالیٰ اپنے محبوب کریم صلی اللہ ٴ علیہ و آلہ وسلم کے صدقے تمام گناہوں کو بخش دیتا ہے ۔ شب معراج کی مناسبت سے لاہور، کراچی اور فیصل آباد سمیت  ملک بھر کی مساجد میں نوافل کی ادائیگی، نعت خوانی صلوٰۃ و تسبیح،  اور خصوصی دعاؤں کی روح پرور محافل کا اہتمام کیا گیا جس میں عاشقانِ رسول اپنے رب کی قربت حاصل کرنے میں مشغول رہے۔