Friday, May 10, 2024

شب معراج آج مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جائے گی

شب معراج آج مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جائے گی
April 13, 2018
لاہور (92 نیوز) نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سراپا معجزہ بن کر دنیا میں تشریف لائے ۔ آپﷺ کے جمالات و کمالات اور معجزات یوں تو بے شمار ہیں لیکن معراج وہ فضیلت ہے جو رب کائنات نے اپنے محبوب کے سوا کسی نبی یارسول کو عطا نہیں کی ۔ آج شب معراج مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جائے گی ۔ شب معراج  وہ مقدس رات ہے جب انسانیت معراج سے سرفراز ہوئی اور آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم زمین سے عرش بریں تک جا پہنچے ۔ نبی آخرالزماں ﷺ عرش پر پہنچے تو چاروں طرف نور پھیل گیا ۔ کائنات کے پورے نظام کو روک دیا گیا ۔ پہلے سے ساتویں آسمان تک انبیاء اور ملائکہ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا استقبال کیا  ۔اُس رات رب العزت نے اپنے محبوب کو نمازوں کا تحفہ عطا کیا ۔ لاہورسمیت ملک بھرمیں شب معراج نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی ۔ شب معراج کے موقع پر مساجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا جائے گا ۔ عبادات ، نوافل ، روحانی محافل ، میلاد ، ذکر ، درود شریف اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا ۔ ملک و قوم کی سلامتی ، بقا اور ترقی و خوشحالی کی دعائیں مانگی جائیں گی ۔